سعودی فرماروا شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز نے فلسطینی شہدا کے خاندانوں کے ایک ہزار افراد کو خصوصی طور پر حج کی دعوت دی ہے جن کے تمام اخراجات حکومت برداشت کرے گی۔
العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق سعودی فرماروا شاہ عبداللہ کی جانب سے حج حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ایک ہزار فلسطینی عازمین حج کی سرکاری میزبانی کا انتظام کریں۔ سعودی وزیر برائے مذہبی امور الشیخ
صالح بن عبدالعزیز بن محمد کا کہنا ہے کہ سعودی حکومت مسلم دنیا کے مسائل کے حل میں ہمیشہ پیش پیش رہی ہے، ایک ہزار فلسطینی عازمین کے لئے مفت حج کے انتظام کا اعلان بھی سعودی حکومت کی جانب سے پورے عالم اسلام کے لئے اخوت و بھائی چارے کا پیغام ہے۔
واضح رہے کہ 2008 اور 2012 میں بھی سعودی حکومت کی جانب سے فلسطینی شہداء کے لواحقین کو سرکاری اخراجات پر حج کرایا گیا تھا۔